بھارتی ریاست گجرات میں، لڑکی سے چھیڑ خانی پر فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے، متعدد زخمی، 15 گاڑیاں خاکستر
احمد آباد(آئی این پی)بھارتی ریاست گجرات میں لڑکی سے چھیڑخانی پرفرقہ وارانہ تصادم میں 15 گاڑیاں نذرِ آتش اور متعددافراد زخمی ہو گئے، پولیس نے آنسو گیس اور شیلنگ سے حالات پر قابو پایا، حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بڑی تعداد تعینات کر دی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے شہر احمد آباد کے امباواڈی علاقے میں لڑکی سے چھیڑخانی کے بعد دو فریقوں میں تصادم کے دوران 15 گاڑیاں نذرِ آتش اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔اطلاع کے مطابق امباواڈی علاقے کے ہاسٹل میں 2 فرقوں کے طلبہ مقیم ہیں۔ گذشتہ روز ایک لڑکے نے لڑکی سے چھیڑخانی کی جس پردونوں فریقوں میں بحث و تکرار شروع ہوگئی اور بات بڑھ کرفرقہ وارانہ تصادم کی شکل اختیار کرگئی۔ہنگامہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پرپہنچ کرحالات کو کنٹرول میں کرنے کی کوشش کی۔ہنگامہ قابو سے باہر ہوتا دیکھ کرپولیس نے آنسوگیس کے گولے داغے جس پر شرپسند عناصر نے علاقے میں کھڑی تقریبا15گاڑیوں میں آگ لگا دی اورپولیس پر پتھرائو شروع کردیا۔ آتشزدگی کی اطلاع کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابوپانے میں کامیابی حاصل کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق حالات کشیدہ مگر قابومیں ہیں۔ پورے علاقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا اورکثیر تعداد میں پولیس دستے تعینات کردیئے گئے۔