ایسوسی ایشن آف ایسوسی ایٹ انجینئرز کے زیر اہتمام لودھراں میں مظاہرہ
لودہراں (نامہ نگار) ایسوسی ایشن آف ایسوسی ایٹ انجینئرز ضلع لودہراں کے زیر اہتمام بلڈنگ دفتر میں ہائی وے اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کرنے والے تمام سینیئر اور جونیئر سب انجینئرز نے اپنے مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال کی اور باقاعدہ دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ملازمین سے اظہار یکجہتی کیلئے ایسوسی ایشن کے بانی قائد میاں چنوں سے ملک فتح محمد، ملتان ڈویڑن کے صدر نعیم خان بلوچ، نائب صدر ڈویڑن چوہدری محمد طارق، جنرل سیکرٹری محمد یوسف طارق، چیرمین ضلع لودہراں راؤ محمد اسلم، صدر ضلع لودہراں محمد جلال نے خصوصی طور پر شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین ایسوسی ایشن آف ایسوسی ایٹ انجینئرز ضلع لودہراں راؤ محمد اسلم نے کہا کہ حکومت پنجاب سب انجئیرز سے سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے اور ہمارے جائز مطالبات کو فوری منظور کرے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین روز سے پورے پنجاب کی طرح ضلع بھر میں سب انجینئرز قلم چھوڑ ہڑتال پر ہیں اور ہماری خواہش اور ضرورت ہے کہ ہمیں ملازمت سے متعلق تحفظ اور تمام سرکاری سہولیات فراہم کی جائیں۔سکیل اپ گریڈیشن، پروموشن، سنیارٹی لسٹوں کی 15 روز میں تکمیل، سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت جرم ثابت ہونے تک معطلیوں اور سزاؤں سے اجتناب، کنٹریکٹ سب انجینیرز کو مستقل کرنے، تعلیم اور صحت کی سہولیات آرمی طرز پر فراہم کرنے، فیلڈ ڈیوٹی سب انجنیرز کو گاڑی اور پٹرول کی فراہمی اور بلاجواز معطلیوں کا سدباب ہمارے جائز مطالبات ہیں جن کی منظوری تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔احتجاجی دھرنے سے لودہراں کے سب انجینئرز اعجاز بھٹہ، یوسف ثانی اور محمد شبیر نے بھی خطاب کیا ۔