نوجوان ملک کا مستقبل‘ صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے: صادق سنجرانی
اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کو اعلیٰ تعلیم کے ذریعے صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے گوادر پاکستان کا مستقبل ہے جو بھی یونیورسٹی قائم کرے گا حکومت بلوچستان ہرممکن مدد فراہم کریگی۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اقراء یونیورسٹی کی سالانہ تقریب اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے تقریب میں گریجوایشن ،ماسٹر اور پی ایچ ڈی کرنے والے دو سوپچاس طالب علموں کو اسناد دیں۔تقریب میں12 طلب علموں کو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر گولڈ میڈل دیئے گئے۔ تقریب سے اقراء یونیورسٹی کی چانسلر ارم حسین لاقانی،وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے ان کو صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے جامعات کے تقریب تقسیم اسناد میں آنا اپنے لیے فخر سمجھتا ہوں کسی بھی معاشرے میں نوجوان اہم کردار ادا کرتے ہیں اور پاکستان میں اکثریت نوجوانوں کی ہے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے نوجوان ملک کے مستقبل میں اہم کردار اداکر سکتے ہیں اعلی تعلیم کے لیے ریاست کی مدد ضروری ہے اس کے بغیر اعلیٰ تعلیم ترقی نہیں کر سکتا ہے سینٹ نے مختلف جامعات کے ساتھ معاہدے کیے ہیں جن کے تحت نوجوانوں کو سینٹ میں انٹرشپ دی جاتی ہے پارلیمان نوجوانوں کو آگے لانے اور ان کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے انہوں نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ عملی زندگی میں داخل ہو رہے ہیں اور اس میں آپ کے والدین ،اساتذہ کا اہم کردار ہے۔آپ بہتر پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اقراء یونیورسٹی کے چانسلر سے درخواست کی کہ وہ گوادر میں بھی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کریں کیونکہ گوادر پاکستان کا مستقبل ہے جو بھی گوادر میں یونیورسٹی بنائے گا بلوچستان حکومت ان کی ہر ممکن مدد کریگی۔