آل پاکستان مسلم لیگ کاتحریک "ملک بچائو چور بھگائو"شروع کرنے کا اعلان
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹرمحمد امجد نے ملک بھر میں تحریک "ملک بچائو چور بھگائو"شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ایک ایک اصلاحی تحریک ہوگی ، مئی کے پہلے ہفتے میں کراچی کے نشتر پارک میں بڑا جلسہ اور اسلام آباد میں قومی کانفرنس کریں گے ،مسلم لیگ (ن)کے لوگ فوج اور عدلیہ کو گالیاں دے رہے ہیں،پہلے یہ عوام اور اداروں کو عزت دیں،ہم اس حوالے سے کوئی احتجاجی تحریک نہیں چلائیں گے،(ن) لیگ ووٹ کو تو عزت دلانا چاہتی ہے لیکن جن اداروں کے خلاف یہ بات کررہے ہیں ان کی عزت کون کرے گا، جنوبی پنجاب نہیں بلکہ ہزارہ اور پوٹھوارصوبہ بنانے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں،پاکستان میں اس وقت میٹرو اور اورنج ٹرین کی نہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ضرورت ہے،عمران خان اپنے مفادات اور کرپشن چھپانے کیلئے میٹرو بنا رہے ہیں، خیبر پختونخوا سے متعدد رہنمائوں نے اے پی ایم ایل میں شمولیت اختیار کر لی ہے ،پرویز مشرف ایم کیو ایم کے دھڑوں کی سربراہی کرنا چاہتے نہ ان کا مقصد ملک کا وزیراعظم بنا ہے چیئرمین نیب لاپتہ افراد کے حوالے سے بات غلط ثابت ہو نے کی صورت میں اپنا عہدہ چھوڑ دیں،سپریم کورٹ لاپتہ افراد کے حوالے سے تحقیقات کرے، ۔ وہ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہاکہ ہم نے پاکستان عوامی اتحاد الائنس بنایا ہے جس کے تحت مختلف شہروںمیں جلسے کئے گئے ہیں۔ ہم مئی کے پہلے ہفتے میں کراچی کے نشتر پارک میں بڑا جلسہ کریں گے۔ امید کرتے ہیں ا اور ہماری کوشش ہے کہ اس 6 مئی والے جلسے میں پریز مشرف بھی شرکت کریں ۔