ایک برس سے بچیاں لاپتہ ہیں، پولیس زمین سے نکالے یا آسمان سے لائے: جسٹس شوکت
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو بچیوں کی عدم بازیابی پر آئی جی اسلام آباد کو آج جبکہ پنجاب پولیس کے شعبہ کرائم کے سربراہ کو پیر کو طلب کر لیا ہے۔ جسٹس شوکت عزیز نے پونے دو سال سے لاپتہ سمعیہ اور ادیبہ کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ آئی جی پولیس نے بچیوں کو ایک ماہ میں برآمد کرنیکا یقین دلایا تھا۔بچیاں بر آمد نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ جسٹس شوکت عزیز نے کہا کہ کیوں نہ آئی جی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے۔ ایک سال سے بچیاں لاپتہ ہیں، پولیس آج تک معاملہ کی سمت کا تعین تک نہیں کر سکی۔ زمین سے نکالیں یاآسمان سے لائیں، بچیاں بازیاب ہونی چاہئیں۔ ایس پی صاحب آپ کی کتنی بیٹیاں ہیں۔ اگر آپ کی ایک بھی بیٹی اس طرح لاپتہ ہو تو آپ کا کیا حال ہوگا۔معلوم نہیں کہ بچیاں زندہ بھی ہیں یا نہیں۔ لگتا ہے پولیس معاملے میں کچھ چھپا رہی ہے۔