زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت ملنی چاہئے، مودی سرکار کو سفارشات بھجوائیں گے: یوگی ادتیاناتھ
لاہور (نیوز ڈیسک) بھارت میں بچوں‘ بچیوں اور لڑکیوں سے آئے روز زیادتی اور بے دردی سے قتل کے واقعات پر اترپردیش کے انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادتیاناتھ بھی جھلا اٹھے۔ گزشتہ ہفتے ضلع اُنائو میں اپنی پارٹی کے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سنگیر اور اسکے بھائی کے ہاتھوں 17سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی اور پولیس حراست میں اسکے باپ کو مار ڈالنے کے بعد بھارت بھر میں بھاجپائی رہنمائوں کیخلاف بڑھتی نفرت کو کم کرنے کیلئے وزیراعلیٰ یوگی ادتیاناتھ نے کہاکہ بچوں‘ بچیوں اور لڑکی سے زیادتی کرنیوالوں کو سزائے موت ملنی چاہئے اس حوالے سے قوانین میں ترامیم کے لئے ہم جلد یوپی حکومت کی سفارشات مرکزی حکومت کو بھجوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اینٹی رومیو سکواڈز کو بھی ایسے واقعات روکنے کیلئے متحرک کیا جا رہا ہے۔