نگران وزیراعظم کا تقرر سیاسی معاملہ، الیکشن کمشن میں نہیں جانا چاہئے: رضا ربانی
اسلام آباد (صباح نیوز) سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر پر زور دیا ہے کہ وہ نگران وزیراعظم کی نامزدگی پر متفق ہو جائیں اور اس معاملے کو کسی بھی صورت الیکشن کمشن آف پاکستان کو بھجوانے سے اجتناب کرنا چاہئے، سینٹ کو چاہئے کہ وہ نگران حکومت کو آئین کے تحت سختی سے اپنی حدود و قیود میں رکھے۔ نگران وزیراعظم کا تقرر سیاسی معاملہ اور پارلیمنٹ کا اختیار ہے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کو نگران وزیراعظم پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہئے اورپارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو اس معاملے پر اتفاق رائے کے لیے غیرمعمولی کاوشیں کرنی چاہئیں۔ نگران وزیراعظم کا اختیار روزمرہ کے ریاستی امور چلانے تک محدود ہے۔ نگران وزیراعظم کو اہم فیصلوں، مستقبل کی مالیاتی پالیسی سازی کا اختیار نہیں ہے۔