حضرت سیدہ زینبؑ کا یوم ولادت عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) حضرت سیدہ زینب کا یوم ولادت پر نور مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر راولپنڈی ریجن میں مذہبی تنظیموں و دینی اداروں کے زیراہتمام محافل میلاد، کانفرنسیں اور سیمینار منعقد ہوئے جن سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام و اعظمین و ذاکرین نے خانوادہ اہلبیتؑ اطہار کو نذرانہ عقیدت پیش کیا اور سیرت حضرت سیدہ زینب سلام اﷲ علیہا پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے دور حاضرہ میں مظلوم اقوام اور عالم اسلام پر ہونے ہوالے ظلم و بربریت کے خاتمہ کیلئے اسوہ حضرت زینب کو بہترین نمونہ عمل قرار دیا۔ ہیئت طلبائے اسلامیہ کے زیراہتمام علی ہال میں محفل شریکتہ الحسین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمر زیدی نے کہا کہ یکم شعبان ہجرت کے پانچویں سال کی وہ کس قدر مبارک مسعود گھڑی تھی جب رسولؐ کی عزیز بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اﷲ علیہا کی آغوش میں ایک چاند کا ٹکرا آیا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی زینبؑ کا نام حضورؐ نے زینبؑ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ فضیلتوں، کرامتوں سے معمور گھر میں رسول خدا، حضرت علی، حضرت فاطمہ اور حسنینؑ جیسی عظیم ہستیوں کے دامن میں زندگی بسر کرنے والی حضرت زینبؑ کا وجود تاریخ بشریت کا ایک غیر معمولی کردار بن گیا ہے۔ مولانا عقیل حسین کاظمی نے کہا کہ زینبؑ اس باعظمت خاتون کا نام ہے جس نے عہد طفولیت فضیلتوں کے ایسے پاکیزہ ماحول میں گزرا جو اپنی تمام جہتوں سے کمالات میں گھرا ہوا تھا جس کے بچپنے پر نبوت و امامت کا سایہ ہر وقت موجود تھا اور اس پر ہر سمت نورانی اقدار محیط تھی، تقریب میں مولانا احمد شیراز کاظم، ساجد عدنی، چوہدری علی حیدر، جون علی مشہدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔