سلا متی کونسل مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر جنسی تشدد کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرے: ملیحہ لودھی
اسلام آباد (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات کے خاتمہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے متنازعہ خطوں میں جنسی طور پرہراساں کرنے کے واقعات کے خاتمہ کے لئے مطالبہ کیا مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر کئے جانے والے جنسی تشدد کے خاتمہ کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنا کردار ادار کرے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنسی تشدد کے خاتمہ کے حوالہ سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا میانمار سے لے کر مقبوضہ کشمیر تک دنیا بھر کے متنازعہ علاقوں میں ریاستی اور غیر ریاستی عناصر مخالف آبادی پر دبائو بڑھانے کے لئے خواتین پر جنسی تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ ایک تلخ حقیقت ہے متنازعہ علاقوں میں جبر اور ظلم کے ساتھ ساتھ اپنے مخالفین کی آواز کو دبانے کے لئے خواتین پر جنسی تشدد معمول بن چکا ہے ۔ملیحہ لودھی نے کہا عالمی برادری اس طرح کے واقعات کی مذمت تو کرتی ہے تاہم عورتوں اور بچیوں پر ہونے والے جنسی تشدد میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا متنازعہ علاقوں میں جبر و تسلط کے باعث اس طرح کے واقعات کی رپورٹنگ کی شرح بھی انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے عالمی براردی ان گھنائونے جرائم سے بے خبر رہتی ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا دنیا بھر میں قائم امن کے لئے جاری امن مشن میں پاکستان کی فوج اہم کردار ادار کر رہی ہے اور اس وقت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں7 ہزار سے زیادہ پاکستانی فوجی اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں ۔ گزشتہ دہائیوں کے دوران ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں نے خدمات سر انجام دیں اور امن و استحکام کی خاطر 144 سے زیادہ اہلکار جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔