تنظیم اساتذہ اردو سندھ کا سائنسی عہد میں ادب کی اہمیت پر خصوصی لیکچر
کراچی(خصوصی رپورٹر) تنظیم اساتذہ اردو سندھ تاس کی جانب سے لیکچر بعنوان سائنسی عہد میں ادب کی اہمیت سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سحر انصاری نے کہا کہ موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ سائنس کے تین پہلو ہیں اول سائنس کا فلسفیانہ رخ‘ دوسرا سائنس کا قیاسی رخ اور تیسرا عملین اظہار ٹیکنالوجسٹک سائنس دنیا میں قدم رکھتے ہی انسان نے آس پاس کی چیزوں کو دیکھ کر نتائج اخذ کرنا شروع کردیئے تھے۔ اس نے اپنی عقل و شعورسے کام لیا اور اسباب و علل پر غور کیا۔ پہلی ایجاد پہیہ ہے لیکن اس تک پہنچنے میں انسان کو ہزاروں سال کا عرصہ لگا اس کی تلاش اور جستجو کے سفر نے اسے آج جدید ترین ایجاندات اور دریافتوں تک پہنچادیا۔ آج انسان خلاء میں پہنچ گیا ہے۔انہوں نے قدیم مصری‘ رومن اور مایا تہذیبوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے بھی سائنس کی ترقی میں بھرپور حصہ لیا۔ ابن الہیشم‘ ابن رشد ‘ جابر بن حیان وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔