اقوام متحدہ اسلام دشمن کارروائیوں کی سرپرستی کر رہا ہے: ابوالخیر محمد زبیر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان (نورانی) ملی یکجہتی کونسل اور نظام مصطفیٰ محاذ کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے شام میں مسلمانوں کی نسل کشی اور امریکی کیمیائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوںکی نسل کشی پر عالمی ضمیر انسانی حقوق کے ادارے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خاموشی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ یہود و نصاری اور ہنود کی اسلام دشمن کاروائیوں اور مسلمانوں کی نسل کشی کی یہ ادارے مکمل سرپرستی کررہے ہیں جبکہ اسلامی اتحادی فوج اس ظلم اور بربریت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اسلامی اتحاد فوج کے قیام کا مقصد مسلمانوں کی جان و مال عزت و آبرو کاتحفظ نہیں تھا؟کیا اسلامی اتحاد ی فوج اسلام دشمن استعماری قوتوں کے مکروہ عزائم کی تکمیل کیلئے عمل میں لائی گئی تھی اگر ایسا نہیں ہے تو پھر دنیا بھر میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کرنے والے ظالم حکمرانوں اور حکومتوں کے خلاف کیوں اسلامی اتحادی فوج عملی جرأت کا مظاہرہ نہیں کرتی۔ شام میں امریکہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے، فلسطین میں اسرائیلی فوج نے ظلم اور بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے کشمیر میں معصوم بچوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔