بیساکھی میلہ میں شرکت کیلئے بھارتی سکھ یاتری ننکانہ سے لاہور پہنچ گئے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) بیساکھی میلہ تقریبات کے لئے بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری سپیشل ٹرین کے ذریعے ننکانہ صاحب سے لاہور پہنچ گئے ۔ لاہور آمد پر بھارت سے آئے سکھ پارٹی لیڈر سردار گورومیت سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ یاترا کے دوران ہمارے لئے حکومت نے بہترین اقدامات کئے ہیں، پاکستان زرخیز اور خوبصورت ملک ہے۔ ہمیں یہاں کسی قسم کی دشواری نہ ہوئی۔ سردار سورن سنگھ اور سردار چرن سنگھ نے کہا کہ گورودواروں میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ہماری ضروریات کے لئے دیگر انتظامات بھی بہتر طریقے سے کئے گئے ہیں۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کو لاہور ریلوے سٹیشن سے ڈیرہ صاحب تک لانے اور لے جانے ائرکنڈیشنر بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔