نیشنل چیلنج کپ میں فٹ بال کے شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا‘ صالح حیات
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)نیشنل چیلنج کپ 2018 کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں3 سال کے وقفے کے بعد پاکستان میں قومی لیول کے پہلے ایونٹ نیشنل چیلنج کپ میں 24ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس سلسلہ میں پی ایف ایف کی جانب سے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ چیلنج کپ کے میچز کے پی ٹی سٹیڈئم کراچی اور آل برادرز فٹ بال سٹیڈئم ملیر میں کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی میچ کے پی ٹی فٹ بال سٹیڈئم میں 21اپریل بروز ہفتہ سہ پہر کھیلا جائے گا، ڈراز کا اعلان 20اپریل کوکیا جائے گا، چیلنج کپ کے سلسلہ میں مینیجرز میٹنگ کا انعقاد بھی 20اپریل کو کراچی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میںکے۔ الیکٹرک، پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی ، کے آر ایل، پاکستان ائیرفورس ،پی آئی اے، نیشنل بنک آف پاکستان، ایس این جی پی ایل ، کراچی پورٹ ٹرسٹ ، پاکستان نیوی، پاکستان پولیس، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، پی ڈبلیو ڈی، سندھ گورنمنٹ پریس، گوادر پورٹ اتھارٹی، ایس ایس جی سی، اسٹیٹ لائیف انشورنس، سول ایوی ایشن اتھارٹی ، کراچی یونائیٹڈ ، فالکن ایف سی، ہزارہ کول کمپنی، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ، اشرف شوگر ملز اور ایشیاء گھی ملز حصہ لے رہی ہیں ۔صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن سید فیصل صالح حیات نے تمام ٹیموں ، لوکل آرگنائیزرز اور پی ایف ایف کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام زمہ داران نے اپنا کام پرفیشنل انداز میںبطریق احسن انجام دیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نیشنل چیلنج کپ میں فٹ بال کے شائیقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔