ایرانی اور ترک صدر کا ٹیلیفونک رابطہ‘ شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال
تہران(اے پی پی) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردگان سے ٹیلی فونک گفتگو میں شام کی تازہ ترین صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کو اپنے مشترکہ تعاون کو تقویت دے کر کسی کو بھی شام میں کشیدگی میں اضافے کی اجازت نہیں دینا چاہئے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے علاقے میں امریکہ اور اسرائیلی حکومت کی مداخلتوں اور مشکلات پیدا کرنے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر شام پر حملہ کرنے والے ممالک کیمیائی ہتھیاروں کے ذمہ داروں کا صحیح انداز میں پتہ لگانا چاہتے تھے تو پھر انہوں نے معائنہ کاروں کو اپنا کام مکمل کرلینے کا موقع کیوں نہیں دیا۔ حسن روحانی نے باہمی دلچپسی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کو ایران اور ترکی کی اقوام کی خواہش قراردیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں پر جلد از جلد عمل درآمد سے دوطرفہ تعلقات کی توسیع کا عمل تیز ہو گا۔ ترک صدر نے بھی اس موقع پر تمام شعبوں میں تہران اور انقرہ کے روز افزوں تعلقات میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ترک وزیرخزانہ کے دورہ تہران سے دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتوں پر عمل درآمد کا سلسلہ تیز ہو گا اور باہمی تجارت کا حجم بھی بڑھے گا۔ترک صدر نے شام کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام میں کشیدگی کو کم کرنے کے لئے ایران اور روس کے ساتھ تعاون ترکی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شام کی سالمیت کا تحفط اور موجودہ صورتحال کو ختم کرنے کے لئے سیاسی حل تلاش کرنا مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہو گا۔