چیئرپرسن ریلویز پروین آغا 37سالہ مدت ملازمت کے بعد ریٹائر ہوگئیں
لاہور(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن ریلویز پروین آغا اپنی 37سالہ مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہو گئیں۔اُنہوں نے 1981میں سول سروس میں شمولیت کے بعد مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔پروین آغانے اپنے دور میں محکمہ ریلوے کو نا صرف مشکل حالات سے نکالنے میں مدد کی بلکہ ریلوے کے فنانشل معاملات کو احسن طریقے سے حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے وفاقی سیکریٹری / چیئرپرسن ریلویز پروین آغا کی ریٹائرمنٹ پر ان کی محکمہ ریلوے میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیانتدار اور محنتی افسران کی ٹیم اور ہر سطح پر مشاورتی نظام کے نتیجے میں آج پاکستان ریلویز نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے ۔ ایک بیمار ادارے کی بجائے صحت مند قومی ادارے میں ڈھل چکا ہے ۔ یہ تمام کامیابیاں چیئرپرسن ریلویزپروین آغا کی محنت اورلگن کا بھی نتیجہ ہیں۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلویز محمد جاوید انور ،مشیر ریلویز انجم پرویز کے علاوہ سینئرافسران نے بھی چیئرپرسن ریلویزکو اُن کی مدت ملازمت پوری ہونے پر نیک تمناؤں کااظہار کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو پاکستان ریلوے میں ایک رول ماڈل کے طور پر لیا جائے گا۔