متحدہ مجلس عمل سندھ میں سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑے گی‘ راشد سومرو
کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر مولانا راشد محمود سومرو نے عوامی رابطہ مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل سندھ میں میدان خالی نہیں چھوڑے گی‘کرپٹ وظالم قیادت سے نجات اور عوامی مسائل کے حل وحقیقی تبدیلی کیلئے صادق وامین قیادت فراہم کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ متحدہ مجلس عمل سندھ کے پہلے تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی‘ مفتی یوسف قصوری‘ جنرل سیکرٹری عباس تقوی‘ محمد حسین محنتی‘ ممتاز حسین سہتو‘ قاری محمد عثمان‘ پروفیسر ابراہیم طارق‘ محمد اسلم غوری اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ راشد محمود سومرو نے مزید کہاکہ سندھ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو چکی ہے اس وقت کراچی تا کشمور 18گھنٹے تک لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن جبکہ شہری پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہیں‘ زراعت تباہ‘ فصلوں کیلئے پانی ناپید جبکہ گنے‘ کپاس کے بعد گندم کے فصل کے نرخ مقرر نہ کرنا اور سرکاری باردانہ کی بندر بانٹ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی عذاب بناکر رکھ دی ہے‘ کے الیکٹرک اب ایک کاروباری کمپنی بن چکی ہے ‘ہم عوام پر بھاری بل جبکہ بجلی نہ دینے کی شدید مذمت کرتے ہیں‘کراچی میں معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل جبکہ احتجاجی مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ اور وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں ایک شخص کی شہادت سندھ حکومت کی نااہلی ہے۔ اس موقع پر ایم ایم اے کے جنرل سیکرٹری ناظر عباس تقوی‘ نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی‘ صوبائی نائب صدر مفتی یوسف قصوری اور صوبائی رہنماء محمد حلیم خان غوری نے بھی خطاب کیا۔