1862ءمیں تعمیر ہونے والے ریلوے سٹیشن کی پہلی بار توسیع کا منصوبہ
لاہور (میاں علی افضل سے ) خسارے میں ڈوبے محکمہ ریلوے نے آمدن بڑھانے کےلئے ریلوے سٹیشن کے قریب علامہ اقبال روڈ، جی ٹی روڈ پر افسران کی 8آٹھ کنال کی رہائش گاہیں گرا کر علاقے کو کمرشل ایریا قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے پرائیوٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت زمین پر فلیٹ، پلازے، مارکیٹیں اور بزنس سنٹر بنا کر ان کو لیز پر دیا جائے گا جس سے ریلوے آمدنی میں اربوں روپے سالانہ اضافے کی امید کی جارہی ہے ٹریفک مسائل سے نجات کےلئے ریلوے سٹیشن سے متعلقہ سڑکوں اور پارکنگ سٹینڈ کو کشادہ کیا جائے گا۔ جبکہ ریلوے سٹیشن کو جی ٹی روڈ سے راستہ بھی دیا جائے گا وزارت ریلوے نے پراجیکٹ کا پی سی ون منظور کر لیا ہے یاد رہے کہ 1862میں برٹش راج میں تعمیر ہونیوالے لاہور ریلوے سٹیشن کی پہلی مرتبہ توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے منصو بہ میں سٹیشن سے باہر چاروں جانب مسافروں کو ٹریفک کے شدید مسائل سے نجات دلانے کےلئے ٹیپا کی مدد سے نئی سڑکیں، ٹریفک پلان بنایا جائے گا۔ منصوبہ پر آئندہ 6ماہ میں کام شروع کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔