ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ رینٹل پاور پراجیکٹس سے بجلی کی قیمت فی یونٹ چھبیس روپے ہوگی۔ حکومت کالاباغ ڈیم بنا دے تو اس سے عوام کو دو روپے فی یونٹ بجلی بھی دستیاب ہوگی۔
ریاض فتیانہ نے یہ بات لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں خطاب کے دوران کی۔ مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ ملک میں جاری توانائی کے بحران پر نیو کلیئر ٹیکنالوجی کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہی سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ملک میں اقلیتوں کو دوسرے درجے کا شہری بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے پارٹی انتخابات کی شق ختم کرنے پر اٹھارہویں ترمیم کوعدالت میں چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا۔