شیخ رشید کی گرفتاری : لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف ان کے وکلا نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کو راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا، جس پر ان کے وکلاء کی جانب سے ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پٹیشن دائر کردی گئی ہے۔درخواست آئی جی پنجاب، سی پی او، ایس ایس پی آپریشنز و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ شیخ رشید کوایس ایس پی آپریشنز نےنجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے اٹھایا۔درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ شیخ رشید کو ان کے بھتیجے شیخ شاکر، شیخ عمران ڈرائیور سجاد سمیت اٹھایا گیا، جب کہ شیخ رشید پر کسی قسم کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔درخواست میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز نے شیخ رشید کو غیر قانونی طور پر گھر سے حراست میں لیا، ہم کل سے راولپنڈی پولیس سے پوچھ رہے ہیں مگر کوئی مناسب جواب نہیں دیا جا رہا، عدالت پولیس کو شیخ رشید کو پیش کرنے کے حوالے سے پابند کرے۔