سندھ میں 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا گیا، چھٹی سے آٹھویں تک سکول کھولے جانے تھے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا سرکاری سکولوں میں ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد نہیں ہوا مگر صورتحال قدرے بہتر تھی، 21 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں ویں جماعت نہیں کھول رہے، صورتحال کا جائزہ لیں گے، 28 ستمبر کو مڈل کلاسز بلاسکتے ہیں، ابتر صورتحال پر مڈل کلاسز کی تاریخ بڑھاسکتے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا وفاقی وزیر تعلیم سے بات کروں گا، صورتحال خراب ہوتی نظر آتی ہے تو این سی او سی میٹنگ کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، ہمیں صورتحال کو دیکھتے ہوئے خود بھی فیصلہ کرنا چاہیے، جانتے ہیں بچوں کی تعلیم کا حرج ہو رہا ہے مگر بچوں کی صحت پر کوئی سجھوتہ نہیں، سکول کھولنے کے باوجود آن لائن کلاسز کا سلسلہ نہیں روکیں گے۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے انڈسٹریز کو آسان قرض دینے کا اعلان کیا ہے، سٹیٹ بینک سکولوں کو بھی بلاسود قرض فراہم کرے، سٹیٹ بینک اگر بلاسود قرض نہیں دے سکتا تو سود حکومت ادا کرے۔