براعظم افریقہ کے ملک لائیبیریا سے ایک ایک افسوسناک خبر آئی ہے جسکے مطابق ایک سکول میں آگ لگنے سے 27 بچے شہید ہو گئے ہیں۔ بچے سکول میں قرآن پاک پڑھ رہے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک لائیبیریا میں سکول میں آگ لگ گئی، دارالحکومت کے قریب سکول میں آگ لگنے سے 27 بچے چل بسے ہیں، مرنے والوں میں 2 ٹیچرز بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق آتشزدگی کے اس واقعے میں دو بچے زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت بچے قرآن پاک پڑھ رہے تھے، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔ مزیدتحقیقات کی جارہی ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق پہلے اطلاع ملی تھی کہ مرنے والے بچوں کی تعداد 30 ہے تاہم یہ تعداد 30 نہیں بلکہ 27 ہے۔صدر جارج واہ کا کہنا ہے کہ یہ آتشزدگی گزشتہ روز رات گئے لگی، میری ہمدردیاں اور دعائیں شہید ہونے والے بچوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ میں جانتا ہوں یہ لمحات شہید ہونے والے بچوں کے والدین، اہل خانہ سمیت پورے ملک کے لیے بہت مشکل ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہاسٹل کی سہولت کے حامل اس اسکول کی عمارت کی لوہے سے بنی ہوئی چھت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور ریسکیو رضاکاروں نے بیگ میں بھر کر بچوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
اسکول کے قریب رہائش پذیر زازے نامی شخص نے بتایا کہ میں اپنے گھر میں سو رہا تھا کہ مجھے باہر آوازیں سنائی دیں، میری بیوی نے گھر کا پچھلا دروازہ کھولا تو شدید دھواں نکل رہا تھا اور باہر نکل کر دیکھا تو اسکول کی عمارت شعلوں کی لپیٹ میں تھی۔
ایک اور مقامی شخص بلاہ نے بتایا کہ اپنے طور پر امدادی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے آگ بجھانے کی بھرپور کو کوشش کی لیکن آگ کی شدت کے سبب ان کی کوششیں رائیگاں گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے پانی سے آگ بجھانے کی کوشش کی اور رات ڈھائی بجے تک اسی کوشش میں مصروف رہے، جب فائر فائٹرز آئے تو آگ خود ہی بجھ چکی تھی لیکن ہمیں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔
ایک آفیشل امودو شیرف نے بتایا کہ جس وقت آگ لگی اس وقت بچے سو رہے تھے۔