پاکستان کا مودی کو بڑا دھچکا، نریندر مودی کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار
پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 20 ستمبرکو جرمنی جانے اور 28 تاریخ کو واپس آنے کیلئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی، پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور ہندوستانی روئیے کو سامنے رکھتے ہوئےاجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ہ بھارتی ہائی کمیشن کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا کہ نریندر مودی کا جہاز پاکستانی فضائی حدود سے نہیں گزر سکتا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اہم ویڈیو پیغام. pic.twitter.com/G2MRR1zDNJ
— Govt of Pakistan (@pid_gov) September 18, 2019
یاد رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بیس ستمبر کو امریکا جانا تھا، بھارت سے امریکا جانے کے لیے بھارت کو پاکستانی فضائی حدود کا استعمال ناگزیر تھا۔ بھارتی حکام نے پاکستان سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت کے لیے درخواست کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے، اب مودی کے طیارے کو لمبا پھیرا لے کر امریکا جانا ہوگا۔
بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان 20 ستمبر کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے، بھارتی وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، بھارت کی جانب سے درخواست باضابطہ طور پر گزشتہ ہفتے دی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود کے استعمال سے متعلق اجازت نہیں دی تھی۔