موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا ہے کہ صاف اورسرسبز پاکستان مہم درخت لگا کرملک کو تباہیوں سے محفوظ بنانے اور روشن مستقبل یقینی بنانے کےلئے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی ضامن ہے۔
آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صاف اور سرسبز پاکستان مہم کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کی مہم کی ضرورت ہے تاکہ عوام میں یہ آگاہی پیدا کی جائے کہ وہ اپنے رویے میں تبدیلی لائیں۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں پلاسٹک کے بیگز پر پابندی لگادی گئی ہے اور حکومت پورے ملک کو پولی تھین سے پاک کرنے کےلئے پرعزم ہے۔