آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹر کادھرنا اور بھوک ہڑتال
کراچی (نیوز رپورٹر ) آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز نے مستقلی کے حق میں کراچی پریس کلب پرتیسرے دن بھی احتجاجی دھرنا جاری رکھا اور بھوک ہڑتال بھی کی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہیڈ ماسٹرز کی مستقلی کو پبلک سروس کمیشن کے امتحان سے مشروط کر دیا ہے ۔ سندھ بھر کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس نے اپنی عدم مستقلی کے خلاف کراچی پریس کلب پر یکم اکتوبر تک بھوک ہڑتال اور دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا اس حوالے سے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی جانب سے کئے گئے فیصلے کے مطابق گذشتہ روز لاڑکانہ ڈویژن کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹر ز نے بھوک ہڑتال اور دھرنا دئیے رکھا جس کی قیادت ایاز تنیو ، تراب ابڑو اور طارق سومرو کررہے ہیں ۔ احتجاجی آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز کا مطالبہ تھا کہ ہمیں مستقل کیا جائے جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوں گے ہم بھوک ہڑتال و دھرنا جاری رکھیں گے اور یکم اکتوبر کے بعد وزیر اعلیٰ ہائوس کی جانب مارچ کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس کو پبلک سروس کمیشن کا امتحان پس کرنا لازمی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایک تقریب میں میڈیا نمائندگان کی جانب سے کئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ 17گریڈ میں بھرتی کے لیے پبلک سروس کمیشن کا امتحان دینا ضروری ہوتا ہے اور یہ قواعد و اصول کے مطابق ہے اس لیے آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس کو کمیشن کا امتحان لازمی دینا ہوگا۔