پارک کی اراضی پر قبضہ‘ جواب داخل کرنے کے لیئے آخری مہلت
کراچی ( وقائع نگار)سندھ ہائیکورٹ نے فیڈرل بی ایریا بلاک 5 میں پارک کی اراضی پر قبضے سے متعلق جواب داخل کرنے کے لیئے آخری مہلت دیتے ہوئے متعلقہ ایس ایس پی کو درخواستگزار کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے ریماکس دیئے جواب داخل نہ کرایا گیا تو سخت کارروائی کی جائیگی۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو فیڈرل بی ایریا بلاک 5 میں پارک کی اراضی پر قبضے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ کے ایم سی کی جانب سے جواب داخل نہ کرنے پر عدالت شدید برہم ہوگئی۔ عدالت نے ریماکس دیئے جواب داخل کریں ورنہ میونسپل کمشنر کو طلب کر لیتے ہیں۔ آخری مہلت دے رہے ہیں ورنہ ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کریں گے۔ کے ڈی اے، کے ایم سی، ایس بی سی اے زبانی کام کر رہے ہیں۔ حلف نامہ دیں کون سا افسر تھا جو قبضے کا ذمہ دار ہے۔ کوئی ادارہ باقاعدہ جواب دینے کو تیار نہیں۔ تمام ادارے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال دیتے ہیں۔ بتایا جائے کہ کھیل کے میدان پر قبضے کا ذمہ دار کون ہے۔ درخواستگزار نے عدالت کو بتایا کہ درخواست دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ عدالت نے ایس ایس پی کو درخواست گزار کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ پارک کی اراضی ہے، کچی آبادی بنا دی گئی ہے۔