والدین سے بھلائی جنت میں جانے کا سبب ہے،علامہ محمد الیاس قادری
کراچی ( نیوز رپورٹر) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ والدین کی اطاعت اولاد پر لازم وضروری ہے اور ان کی نافرمانی گناہ ہے ،جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے یعنی ان سے بھلائی کرنا جنت میں جانے کا سبب ہے۔جس نے والدہ کا قدم چوما گویا اس نے جنت کی چوکھٹ چومی ،ماں باپ کے سامنے آواز بلند نہ کیجئے اور آنکھیں بھی نیچی رکھیں ،والدین کو آتا دیکھ کر تعظیم میں کھڑے ہوجائیں ،اگر وہ بلائیں تو فوراًلبیک کہیں ،تمیزاور آپ جناب کے ساتھ بات کریں ،ان کی آواز پر ہرگز اپنی آواز بلند نہ ہونے دیں۔امیر اہل سنت نے کہا کہ والدین کی اطاعت کرنی چاہئے ورنہ دنیا اور آخرت میں عذاب ہوگا ،اگر کسی نے والدین کو برا بھلا کہا ہے ،دل دکھایا ہے وہ آج ہی توبہ کرلیں اوراپنے والدین کو راضی بھی کریں ،کسی طرح بھی ان سے معافی مانگ لیں کیونکہ یہ آپ کی جنت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں منعقدہونے والے مدنی مذاکرے میں کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ ہمیں اچھے برے دوست کی پہچان نہیں تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ اچھے دوست نہیں ،دوست وہ ہو جسے دیکھ کر اللہ عزوجل یاد آجائے ،جس کی باتیں سن کر دنیا سے بے رغبتی اور آخرت کی طرف رغبت پیدا ہو ،دوست وہ ہے جو گناہوں سے نفرت دلانے والا اور نیکیوں سے محبت دلانے والا ہو ،دوست وہ ہو جو فرض نماز وں کے ساتھ تہجد پر بھی لگادے۔ہمارے ہاں دوستی کا یہ معیار نہیں رہا بلکہ دوست اس کو بنایا جاتا ہے جو ہمیں قہقہہ لگاکر ہنسائے اور رقم بھی خرچ کرنے والا ہو ،ایسا دوست اچھا نہیں ،دوست وہ ہے جو مصیبت میں کام آئے۔