ہمدرد میںسیپ کے کامیاب نفاذ پر تقریب تقسیم انعامات و اسناد
کراچی (نیوزرپورٹر) ہمدرد پاکستان میں سسٹمز اپلیکیشنز اینڈ پروڈکٹس (SAP ) کے کامیاب نفاذ پر اور ہمدرد پاکستان کے بانی شہید حکیم محمد سعید کی صدسالہ تقریبات کے حوالے سے گزشتہ روز ایک تقریب تقسیم انعامات و اسناد ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب تقسیم انعامات و اسناد سے خطاب کرتے ہوئے ہمدرد پاکستان کی چیئرپرسن سعدیہ راشد نے کہا کہ ہمدرد نے خدمات کی ایک صدی عبورکر لی ہے۔ پاکستان میں اس کے بانی شہید حکیم محمد سعید روائتی اور جدید کے ایک موثر مرکب کو روبہ عمل لائے جس کا ایک ثبوت ہمدرد اور سیپ (SAP )کا تعاون ہے کیونکہ دونوں میں ایک چیز مشترک ہے اور وہ ہے فلاح انسانیت، انسانوں کے لیے سہولتیں مہیا کرنا، ہمدرد کا میدان عمل ہی طب و صحت، فلاح و بہبود اور تعلیم ہے۔ انہوں نے دی مائٹ اور فرگوسن کمپنیوں کے کاموں کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ کارپوریٹ کی دنیا کو بہترین طریقہ کار مہیا کرنا بلاشبہ ان اداروں کا قابل تعریف عمل ہے۔ انہوں نے ان لوگوں کو جنہوں نے ہمدرد میں سیپ کے نفاذ کو اپنی دن رات کی محنت اور کوششوں سے یقینی بنایا، کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مساعی یقینا تحسین و آفریں کی مستحق ہے۔ اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہمدرد کے ڈائریکٹر، انفرمیشن اینڈ ٹیکنالوجی حسنین اقبال نے کہا کہ سیپ کا نفاذ ایک اہم کام ہے جو ہمدرد میں انجام پذیر ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے یہ پروجیکٹ ساڑھے آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر لیا، یہ جنوری2019 میں شروع ہوا اور ستمبر کے دوسرے ہفتے میں تکمیل پا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے لیے شراکت دار (پارٹنر) تلاش کرنا بلاشبہ مشکل کام تھا لیکن اللہ کے فضل سے یہ بخوبی طے ہوگیا اور ہم نے سیپ کے تحت ہمدرد کے چاروں مراکز کراچی، لاہور، راولپنڈی/اسلام آباد اور پشاور کا احاطہ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر مشکل تھا لیکن بہرحال بخیر و خوبی طے ہوگیا اور ہم نے پروڈکشن کے اہم شعبے کا بھی احاطہ کر لیا ہے جو خام مال کی فراہمی اور عدم فراہمی کے سبب ایک مشکل شعبہ ہے۔ وی مائٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر عرفان شیخ نے کہا کہ ہمدرد پاکستان ، اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی اور وی مائٹ نے ایک فیملی کی طرح کام کیا ہے، ہمارے لیے ہمدرد کے لیے کام کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید حکیم محمد سعید کے 100 سال دراصل ’’علم کی صدی‘‘ ہے، ہم نے ہمدرد سے بہت کچھ سیکھا ہے خاص طور پر طب یونانی کے بارے میں اہم معلومات ہمیں حاصل ہوئی ہیں۔ اے۔ ایف فرگوسن اینڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ سی ای او سعد کالیا نے سیپ کے نفاذ پر ہمدرد کو مبارک باد دی ۔ تقریب کے اختتام پر سعدیہ راشد نے کیک بھی کاٹا۔