گورنرسندھ سے کروشیا، گھانا اور سائپرس کے سفیروں کی ملاقات
کراچی ( وقائع نگار ) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کروشیا کے سفیر ، گھانا کے سفیر اور سائپرس کے سفیر نے وفد کے ہمراہ گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی تعاون ، دوطرفہ تجارت ، خطہ کی صورتحال ، کشمیر میں بھارت کی جانب سے ظلم و ستم ، افغان امن سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سفیروں کے وفد نے کشمیر پر پاکستانی موقف کی بھرپور حمایت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیر یوں کی امنگوں کے مطابق ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں ان ممالک کے قونصل جنرل میں گھانا کے اعزازی قونصل جنرل بابرصدیقی، سائپرس کے قونصل جنرل کمال چنائے ، انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سیکریٹری احسان علی منگی ، حب پاور کے سی ای او خالد منصور ، جے ایس بینک کے سربراہ بصیر شمشی ، ہلٹن فارما کے چیئر مین سردار یٰسین ملک ، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی ، سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ ، رکن صوبائی اسمبلی بلال غفار اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے مزید فروغ کے لئے موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہا ہے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات سے سرمایہ کاروں کو بے پناہ فوائد حاصل ہورہے ہیں کیونکہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جہاں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع ہیںاس وقت معاشی استحکام کے لئے پاکستان بیرونی سرمایہ کاری پر بھرپور توجہ دے رہا ہے۔