معیاری زرعی مداخل کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے
راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) ایڈیشنل سیکرٹری (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد نے کہا ہے کہ کپاس کی موجودہ صورت حال میں رس چوسنے والے کیڑوں خصوصاً سفید مکھی، ملی بگ سمیت گلابی سنڈی کے موثر تدارک کے لیے کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کی جارہی ہے۔ محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں کپاس کی فصل کے معائنہ اور پیسٹ سکائوٹنگ کیلئے کاشتکاروں کے شانہ بشانہ مصروف عمل ہیں۔فارمر گیدرنگز میں عوامی نمائندوں کی شرکت یقینی بنائی جائے اور انہیں محکمہ کی جاری سرگرمیوں کی کارکردگی بارے مکمل بریف کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ کپاس کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کے دسویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز سید ظفر یاب حیدر، ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیرا حمد، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر محمد اسلم ودیگر ممبران موجودتھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیاری زرعی مداخل کی مناسب قیمتوں پر مارکیٹ میں دستیابی کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ زرعی ٹاسک فورس پنجاب کے تحت ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔