حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے لے لیے ضلعی سطح تک پائیدار منصوبہ بندی کرے،ماہرین
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے ماہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے لے لیے ضلعی سطح تک پائیدار منصوبہ بندی کرے ۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ا سکول کی سطح پر آ گاہی دی جائے ۔ وہ ان خیالات کا اظہار پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی ) کے زیر اہتمام عالمی تحریک برائے ماہولیاتی اقدامات‘ کے عنوان سے ایک مباحثے سے کررہے تھے۔ ماحولیاتی مسائل کی سینئر جرنلسٹ راینا سعید خان نے کہا کہ دنیا پہلے ہی 1 ڈگری سینٹی گریڈکے عالمی درجہ حرارت کے نتائج بھگت رہی ہے ، جس کے آثار زیادہ شدید موسم، سیلاب، سطح سمندر میں اضافہ ، اور گلیشیئر کے پگھلنے کی صورت میں نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک عالمی درجہ حرارت بڑھنے سے اس سے بھی خطرناک نتائج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضلعی سطح پر مئوثر اور پائیدار منصوبہ بندی کرے اور اپنے لوگوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے محفوظ رکھے۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ماحولیاتی یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر عمران خالد نے کہا کہ شدید موسمیاتی ایونٹس میں باقاعدگی کی وجہ سے پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے سب سے متاثر ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ افراد میں سے بیشتر غریب اور کمزور ہیں، جو غیر محفوظ علاقوں میں رہتے ہیں جن کو کھانے کی فراہمی تک مشکلات کا سامنا ہے۔