خاکروب طبقہ کی تنخواہ روکنا ظلم کے مترادف ہے: اجمل بلوچ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) خاکروب معاشرے کا ایسا محنتی طبقہ ہے جو ہمارے شہر کو صاف ستھرا رکھتے ہیں ، ان کی تنخواہ روکنا ظلم کے مترادف ہے۔ یہ بات آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے آبپارہ چوک میں تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج کرنے والے خاکروب مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ خود اس زیادتی کا نوٹس لیکر انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ان کے واجبات دلائیں۔ اجمل بلوچ نے مزید کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی لڑائی سے دارالحکومت تباہی کی طرف جارہا ہے اور اگر خاکروبوں نے کام کرنا بند کردیا تو کراچی سے برے حالات ہوجائیںگے ۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان مزدوروں کے واجبات فوری دلوائیں تاکہ شہر میں صفائی کا بحران پیدا نہ ہو۔ اجمل بلوچ نے خاکروب مزدوروں کو یقین دلایا کہ ان کی آواز اقتدار کے ایوانوں میں پہنچاکرآپ کو حق دلواکر چھوڑیںگے ۔