امام زین العابدین ؑ کی حیاتِ طیبہ سالکین دین و شریعت کیلئے مشعلِ راہ ہے،قمرزیدی
راولپنڈی (جنرل رپورٹر )قائدملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کرد ہ عالمی عشرہ بیمارِ کربلا کی مناسبت سے مختلف تنظیموں ،دینی اداروںاور انجمنوں کی جانب سے مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا اور امام زین العابدین علیہ السلام کے تابوت بر آمد کئے گئے ۔مجالس عزا ء سے اپنے خطابات میںعلماء و واعظین اور ذاکرین نے حضرت امام زین العابدین سید الساجدین ؑ کی حیاتِ طیبہ کو سالکینِ راہِ حق و حقیقت دین و شریعت کیلئے مشعلِ راہ قرار دیا ۔امام بارگاہ زین العزامیں مجلس عزاسے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے کہا کہ اسیرانِ کربلا نے کوفہ و شام کے بازاروں اور یزید و ابن زیاد کے درباروں میں بے ردا اور رسن بستہ ہونے کے باوجود حسینیت کے پیغام کو بڑی جرات و دلیری کے ساتھ پہنچایا،ان مخدراتِ عصمت کا پاکیزہ اسوہ دنیائے نسوانیت کیلئے بہترین نمونہ عمل ہے۔انہوںنے کہاکہ ا نبیاء و مرسلین کا عمدہ ترین اور بہترین دین اسلام تھا جو پوری انسانیت کا وہ نجات دہندہ ہے جس نے انسانیت کو بھائی چارے ،محبت اور اخوت کے لازوال رشتوں میں پرو کر رکھ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسلام ہر قسم کی نسلی برتری ،ذات پات اور علاقائی گروہی عصبیتوں کی نفی کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ اسلام جملہ اقلیتوں کے حقوق کا بھی تعین کرتا ہے ،یہی طرزِ عمل بین المذاہب اور بین المکاتب و مسالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کیلئے ممد و معاون ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان نے ہمیشہ حرمت ِانسانی کو ترجیح دی ہے۔ قراردادمیں حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ عزاداری کا سلسلہ 8ربیع الاول تک جاری رہے گا لہذا وزارت داخلہ سمیت تمام صوبوں میںمیں گذشتہ سالوں کی طرح محرم کنٹرول رومز قائم کرکے ٹی این ایف کی محرم کمیٹی عزاداری سیل سے مربوط کیا جائے۔