اہم مقامات پر پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق آگاہی بینرز آویزاں کئے جائیں،ترجمان حکومت پنجاب
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)حکومت پنجاب پاکستان سٹیزن پورٹل کی افادیت کے بارے میں بھرپور عوامی آگاہی کے لئے وسیع البنیاد عمل کو آگے بڑھا رہی ہے تاکہ صوبہ بھر کے عوام اپنے مسائل کے تیز رفتار اور دیرپا حل کے لئے وزیر اعظم پاکستان کے اس تاریخی اقدام کے کما حقہ ثمرات حاصل کر سکیں -اس ضمن میں حکومت پنجاب کے ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں سرکاری محکموں کے سربراہان کو اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ متعلقہ دفاتر کے انٹری پوائنٹس (داخلی راستوں) , عوامی مقامات اور سروس ڈلیوری سینٹرز سمیت اہم مقامات پر پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق آگاہی بینرز آویزاں کئے جائیں علاوہ ازیں اس سلسلہ میں مخیر حضرات , فلاحی تنظیموں , بزنس کمیونٹی , سیلولر کمپنیز , نوجوان رضاکاروں اور سوشل میڈیا کا تعاون بھی حاصل کیا جائے تاکہ صوبہ کے طول و عرض میں ہر سطح پر عوام الناس مذکورہ پورٹل کی افادیت و مقاصد کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کر کے اپنے مسائل کے فوری حل کے لئے استفادہ کرسکیں ۔