عمران نے کشمیر ایشو پر مودی کو بولڈ کردیا، بھارتی حکومت کا بیانیہ پٹ چکا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جدوجہدآزادی تاریخی موڑ لے چکی ہے، دنیا اب کشمیر کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر ایشو پر نریندر مودی کو بولڈ کردیا ہے۔کشمیر پر مودی اور بھارتی حکومت کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں7ہفتے سے جاری کرفیو اور پابندیوں کا سلسلہ عالمی برداری کیلئے سوال بن چکا ہے۔ بھارت کیسا ملک ہے؟ جہاں انسان مار دئیے جاتے ہیں اورگائے کوماتا بنا کر پوجا جاتا ہے۔ سرینگر میں باغات کو نذرآتش کرنا کشمیریوں کو معاشی طورپر تباہ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ دنیا بھر میں مودی سرکارکی انتہا پسندی بے نقاب ہوگئی ہے۔ بھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کے اداروں اورکارکنوں کو دھمکانا قابل مذمت ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام انسانی حقوق کے تحفظ کے عہد کا مذاق اڑا رہا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کے نوٹس پر پولیس نے بھکر میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ میں ملوث دو ملزم گرفتار کرلئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی پی او بھکر نے متاثرہ خاندان کے گھر جاکر طالبہ اور اس کے والد سے ملاقات کی اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عثمان بزدار نے احمد پور شرقیہ کے علاقے میںمبینہ زیادتی کے بعد 8سالہ بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپورسے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندان کو ہرصورت انصاف فراہم کیا جائے۔ دریں اثناء پولیس نے6 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے2 ملزم گرفتار کرلئے ہیں۔ عثمان بزدار نے نواب آف کالاباغ ملک ادریس خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔