آزاد کشمیر بھی چھین لیں گے بھارتی وزیرخارجہ کی ہرزہ سرائی، جارحیت کا بھرپور جواب دینگے: پاکستان
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر برائے خارجہ امور ڈاکٹر سبرامینیم جے شنکر نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے زیرقبضہ (آزاد کشمیر) کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور ہمیں امید ہے کہ ایک دن یہ ہمارے کنٹرول میں آ جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس حوالے سے ہماری پوزیشن ہمیشہ سے واضح رہی ہے اور واضح رہے گی۔ انڈیا ٹو ڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم اپنے پڑوسی کیساتھ مضبوط تعلق چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ ہمارا پڑوسی سرحد پار دہشتگردی کے ساتھ کامیابی سے نمٹے اور ایک نارمل پڑوسی کی طرح سے رہے اور یہ بات ہمارے لئے ایک چیلنج رہے گا۔ دریں اثناء پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کا بیان مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کے آزاد کشمیر اور پاکستان سے متعلق بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کا غیر ذمے دارانہ بیان کو مسترد اور مذمت کرتا ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی حمایت نہ ہونے پر بھارت ایسے بیانات دے رہا ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کے سب سے بڑے جیل خانے میں تبدیل کر دیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہو رہا ہے بھارتی غیر ذمے دارانہ بیانات خطے کے امن و امان کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے بے بنیاد الزامات سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ نام نہاد جمہوریت والا بھارت 70 سال سے مقبوضہ کشمیر میں سنگین جرائم کر رہا ہے۔ بھارت ڈھٹائی ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے جواز پیش کر رہا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم فوری بند کرے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ پاکستان امن کا حامی ہے کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دیں گے۔ بھارت دنیا میں وہ ملک ہے جو اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کو فروغ دے رہا ہے۔