ڈی آئی خان: مٹی کا تودہ گرنے سے 4 افراد جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درازندہ میں مٹی کا تودہ گرنے کے نتیجہ میں4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تودہ شھال راغہ میں پہاڑ کے دامن میں بیٹھ کر آرام کرنے والوں پر گرا۔ جاںبحق افراد کا تعلق کوچی پوندگان قبیلہ سے ہے۔ تمام جاں بحق افراد کی نعشیں تودے کے نیچے سے نکال لی گئیں۔ کوچی پوندگان قبیلہ کے لوگ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی بلوچستان سے ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف رخ کرتے ہیں جہاں سے وہ پنجاب جاتے ہیں۔ جاں بحق افراد کا تعلق بلوچستان کے علاقہ ژوب سے تھا۔ دو افراد کو درازندہ میں ہی دفن کر دیا گیا جبکہ دو جاں بحق افراد کی نعشیں تدفین کے لئے ژو ب روانہ کر دی گئی ہیں۔ مٹی کا تودہ گرنے سے کوئٹہ اور پشاور کے درمیان اہم شاہرہ پر ٹریفک بلاک ہو گئی تھی تاہم ضلعی انتظامیہ نے بھاری مشینری سے سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے۔