احتجاج، دھرنوں سے قومی لٹیروں کی جان نہیں چھوٹے گی: اسلم اقبال
لاہور (کلچرل رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کے لئے عمران خان کا ’’نوڈیل‘‘ واضح پیغام ہے۔ سیاسی مقاصد کے لئے افواہیں پھیلانے والوں کو ایک بار پھر سخت مایوسی ہوئی ہے۔ عمران خان نے برسوں کرپشن اور کرپٹ نظام کے خلاف جہاد کیا ہے اور اب وہ کرپٹ عناصر سے ڈیل کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ عمران خان نے احتساب کے عمل کو سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے دوٹوک موقف سے کئی ایک کی امیدوں پر اوس پڑ گئی ہے۔ پارٹی کارکنوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کی کہانیاں زبان زد عام ہیں۔ احتجاج اور دھرنوں سے قومی دولت کے لٹیروں کی جان نہیں چھوٹے گی۔ نواز شریف اور زرداری کو لوٹی ہوئی رقم واپس کرنا ہوگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کو اندرونی اور بیرونی محاذ پر مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار سے بیمار معیشت ورثے میں ملی ہے۔ کپتان کی قیادت میںحکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بہتر ہورہی ہے اور درست سمت میں خوشحالی کا سفر جاری وساری ہے۔ مخالفین کے منفی پراپیگنڈا کے باوجود نیا پاکستان بننے جارہا ہے۔ جہاں ہر ایک کو انصاف ملے گا اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ مشکلات اور مسائل کا سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ تاہم یہ مشکلات عارضی ہیں جلد ختم ہوں گی۔