امریکہ سے مذاکرات نہیں کرینگے‘ دبائو ڈالے کی پایسی ناکام ہو گی: خامنہ ای
تہران (این این آئی)+ صباح نیوز) ایران کے اعلیٰ رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی ناکام ہو گی۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وڑن کے مطابق خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی حکام کبھی بھی امریکا سے بات چیت نہیں کریں گے اور یہ کہ حالیہ اقدامات ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی امریکی پالیسی کا حصہ ہیں۔ دوسری جانب ایران کے حکومتی ترجمان علی رابی نے کہا ہے ان کا ملک امریکی پابندیوں کی موجودگی میں جوہری معاہدے پر مذاکرات نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا ایک بار ہم نے پابندیوں کے باوجود امریکہ سے مذاکرات کئے‘ لیکن امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد اب ہم پابندیوں کے ہوتے ہوئے امریکہ سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمارا اعتماد حاصل کرنا چاہتا تو پھر ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 5 مستقل رکن ممالک اور جرمنی کے فریم ورک کے مطابق جوہری معاملے کے حوالے سے مذاکرات کریںگے۔