سعودی تیل تنصیبات پر حملے امریکی دفاعی نظام کی ناکامی ہے: روسی میڈیا
ماسکو (اے پی پی)روسی ذرائع ابلاغ نے سعودی آئل تنصیبات پر ڈرون حملے کو امریکی دفاعی نظام کی ناکامی قرار دیا ہے۔معروف صحافی فنیان کننگھم کی مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری واضح طور پر قبول کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اس حملے میں دس ڈرونز کا استعمال کیا۔ پہلے بھیجے جانے والے ڈرونز نے امریکی دفاعی نظام کو ناکارہ بنایا اور دوسرے گروپ نے تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ تاہم امریکہ اپنے اتحادی ملک سعودی عرب کے تحفظ میں ناکامی کا ملبہ ایران پر ڈالنے کے لئے اسے قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کررہا ہے کیونکہ حوثی باغیوں کا حملہ روکنے میں ناکامی خود امریکہ کے لئے خفت اور شرمندگی کا باعث ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ یہ تعین نہیں کر سکتی کہ سعودی عرب کی پٹرولیم کمپنیوں میں ڈرون حملوں کا کون ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پاس یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ ذمہ دار افراد کی شناخت کر سکے۔