اسلام آباد کا عالمی فیملی سٹیشن کا درجہ بحال
اسلام آباد کا بین الاقوامی فیملی سٹیشن کا درجہ 12 سال بعد بحال۔ اقوام متحدہ کے وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات۔ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پر اظہار اطمینان۔
اقوام متحدہ کے وفد نے جو آج کل پاکستان آیا ہوا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے حفاظتی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 12 سال بعد اسلام آباد کو غیر ملکی سفیروں کو اہلخانہ کے سمیت قیام گاہ کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے اس کا فیملی سٹیشن کا درجہ بحال کر دیا ہے۔ 2008ء میں میریٹ ہوٹل پر حملہ کے بعد یہ درجہ واپس لے لیا گیا تھا۔ اب اس کی بحالی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی اندرونی صورتحال کو پرامن اور محفوظ تصور کیا جانے لگا ہے۔ اس کا تمام تر سہرا ہماری سکیورٹی فورسز کی انتھک اور جان توڑ محنت اور قربانیوں کے سر جاتا ہے۔ جن کی بدولت یہ امن بحال ہوا ہے۔ حکومت اب اس پر اطمینان سے نہ بیٹھے۔ دشمن ابھی تک ہماری تاک میں ہیں، جہاں بھی انہیں موقع ملتا ہے وہ کارروائی کر کے اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ہی ایران کے راستے داخل ہو کر مستونگ میں دہشت گردی کی کارروائی کرنے والے دو بھارتیوں کا سراغ لگایا گیا ہے جو افغانستان فرار ہو چکے ہیں۔ اس واقعہ سے سبق لیتے ہوئے ہماری سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے داخلے کی راہیں مسدود کرنا ہونگی۔ ان کے لیے ٹھکانے فراہم کرنے والے سہولت کاری کا کام انجام دینے والوں کو نشانِ عبرت بنانا ہو گا تاکہ آئندہ کوئی بھی ملک دشمنوں کے لیے سہولت کار بننے کا سوچ بھی نہ سکے۔