حکومت کا تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن خوش آئند ہے،جمیل عباسی
اسلام آباد(جنرل رپورٹر)جوائنٹ ایکشن کمیٹی متاثرین اسلام آباد کے چیئر مین جمیل عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے جو ناجائز تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف جو آپریشن شروع کیا ہے خوش آئند ہے، کچی آبادیوں میں آباد غریب خاندانو ں کے خلاف آپریشن نہیں کرایا جائے گا۔سی ڈی اے نے 1960ء کے متاثر ین اسلا م آباد کو سنائے جانے والے ایوار ڈ کے مطابق حقوق نہیں دیئے جو مجرمانہ غفلت ہے اور نہ ہی صحیح معنو ں میں اس وقت کی حکومتوں نے ماڈل ویلج سکیم پر عمل درآمد کرانے میں مثبت راہنمائی کی اور جن لوگوں نے اسلام آباد شہر کے لئے اپنی قیمتی زمینیں دی ہیںوہ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں بجلی، گیس، پانی اور دیگر سہولیات موجو دنہیں ہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی متاثرین اسلام آبادکے چیئر مین جمیل عباسی نے دیگر عہد یداران کے ہمراہ کہا کہ ناجائز قابضین اور متاثرین میں فرق رکھا جائے ، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرین کے مسائل کے حل اور ماڈل ویلج سکیم پر عمل درآمد کیلئے متاثرین کے نمائندوں کو شامل کرکے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے حلقہ انتخاب میں زیادہ تر ماڈل ویلج آتے ہیں جن پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا چاہئے۔ پارلیمنٹ کو چاہئے کہ ملک بھر میں کسی بھی اجتماعی مفا د کیلئے اگر حکومت زمین کو اپنی تحویل میں لینا چاہتی ہے توایک واضح پالیسی کے حوالے سے قانونی سازی کرے تاکہ حکومتی اداروں کی طرف سے عوام کے ساتھ ہونے والے استحصال کو روکا جائے آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے فیصلہ ساز بور ڈمیں متاثرین اسلام آباد کو فوراًنمائندگی دی جائے۔