ایم سی آئی کا ایم او ونگ فعال ہونے سے کروڑوں روپے کی بچت ہوئی: شیخ انصر ازیز
اسلام آباد(وقائع نگار)میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے گزشتہ روز اسلام آباد کے معروف تجارتی علاقے بلیو ایریاء میں روڈ کارپیٹنگ کے کام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلیو ایریاء کے تاجر رہنمائوں کے علاوہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے ڈائریکٹر ایم پی او عمر صغیر رانا اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے پورے اسلام آباد کی بڑی چھوٹی سڑکوں کی کارپیٹنگ کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور اب تک اسلا م آباد کی 7th ایونیو سمیت چھوٹی بڑی سڑکوں اور سیکٹروں کے اندر کی سڑکوں کی کارپیٹنگ مکمل کی جا چکی ہے ۔میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ بلیو ایریاء میں جناح ایونیو کے ساتھ چار کلومیٹر طویل اور 52 فٹ چوڑی سروس روڈ نارتھ، بلیو ایریاء کے ساتھ کی ساڑھے چار کلو میٹر طویل اور 36 فٹ چوڑی سروس روڈ سائوتھ کی کارپیٹنگ کے کام کا آج آغاز کر دیا گیا ہے اور ایک ماہ میں اسے مکمل کیا جائے گا۔ میئر اسلام آباد نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ بلیو ایریاء کی پارکنگ ایریاء میں بھی کارپیٹنگ کی جائے۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ جب سے میٹروپولیٹین کارپوریشن کی ایم پی او ونگ کو فعال کیا گیا ہے۔ اُس وقت سے ایم سی آئی کو کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے کیونکہ ماضی میں یہی کام اپنی مشینری کو نظر انداز کر کے کنٹریکٹر سے کروایا جاتا تھا۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے بتایا کہ یکم مارچ2018 ء سے آج تک سیکٹر I-8 کی ساڑھے پانچ کلو میٹر طویل سڑکوں،سیکٹر آئی 9- کی تقریباً 2 کلو میٹر طویل جی سیریز کے سیکٹروں کی دو کلو میٹر ، ایف سیریز کے سیکٹروں کی سات کلومیٹر جبکہ 7th ایونیو کے دونوں اطراف کی 12 کلو میٹر سڑک کی کارپیٹنگ کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے اسلام آباد کی سڑکوں کی کارپیٹنگ کے لیے بنائے جانے والے جامع منصوبہ پر تیزی سے کام کر کے مکمل کیا جائے گا۔