چیف جسٹس آف پاکستان سے حصول انصاف کیلئے التجاء
مکرمی! تحریک پاکستان میں حصہ لے کر پاکستان پہنچنے والے اور تعمیروطن کی خدمت سے سرشار گھرانے اور شخصیات ہمارا مان ہیں‘ ایسے روشن ستارے ہدایت کی روشنی کا ذریعہ ہیں جن سے رہنمائی کے چشمے پھوٹتے ہیں۔ حیرت ہے کہ ایسے خاندانوں سے جڑے لوگ جب کسی مسئلے پر دہائی دیتے ہیں تو عجب وسوسے دماغ اور دل پر ہتھوڑے برساتے ہیں۔ ہم سکھر سے متعلق ہیں جو ان دنوں ناانصافیوں اور حکومتی عدم دلچسپی کی شکایت لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ حیرت ہے کہ ’’نئے پاکستان‘‘ میں بھی ہماری شنوائی نہیں ہو پا رہی۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار‘ وزیراعظم عمران خان‘ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام سے دردمندانہ التماس کرتے ہیں ہمیں انصاف کے گلاب دے کر ہمیں اور ہمارے خاندان کو اذیت کے جہنم سے نجات دلائی جائے۔ چار ماہ قابل ہمارے پیارے رانا ارشاد کو قتل کیا گیا۔ انصاف ملنے کی بجائے الٹا ہمیں ہی خوار کیا جا رہا ہے۔ اعلیٰ حکام صورتحال کا نوٹس لے کر فراہمی انصاف میں رکاوٹ ختم کرائیں۔ ہمارے بزرگ محمد آصف ایک عرصے سے عوامی خدمت و سیادت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ گھوٹکی میں سو بیڈ اور سکھر میں پچاس بیڈ کا خیراتی ہسپتال اور دیگر طبی و فلاحی امور گواہی دے رہے ہیں کہ خدمت انسانیہ ہمارے نزدیک کس قدر اہم مشن ہے۔ سکھر شہر میں خریدی گئی زمین پر کم آمدن افراد کے لئے ہاوسنگ سکیم بنائی گئی اب یہ پراجیکٹ 90 فیصد الاٹیوں کا ہے عوامی خدمت کی آڑ میں کچھ جرائم پیشہ افراد اس پراجیکٹ سے بالواسطہ ور بلاواسطہ منسلک ہو گئے انہوں نے ایک ریٹائرڈ ایس ایس پی کی ایماء پر مسلح ہو کر بعض الاٹیوں سے بھتہ وصول کرنا شروع کر دیا جب مقامی پولیس کے نوٹس میں ساری صورتحال لائی گئی تو پولیس اہلکار جانبداری سے دوسرے فریق کا ساتھ دینے لگے بات یہاں ختم نہیں ہوئی چار ماہ قبل رانا ارشاد عدالتی امور کی نگرانی پر مامور تھے ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی گئی سماج دشمن عناصر کو اس پر بھی چین نہ آیا اور پھر رانا ارشاد کے حصول انصاف کی طرف بڑھتے قدم سے خوفزدہ ہو کر 26-5-18 کو انہیں کراچی کے مقامی ہوٹل سے اغوا کر کے ٹھٹھہ جھرک تھانہ کی حدود میں قتل کر دیا گیا جس کا مقدمہ کراچی پریڈی تھانہ میں درج ہے۔ ہم گزشتہ چار ماہ سے اعلیٰ حکام تک اپنی آواز پہنچا رہے ہیں۔ اللہ کرے نئے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام تک ہماری آواز پہنچ جائے۔ (رانا عبد الستار 0304-6027848)