مساجد ‘ مدارس ‘ خانقاہوں کو ڈیم مہم میں شامل کریں گے:حامد رضا
لاہور(خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کے لئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔ پوری قوم پانی کے بحران کے حل کیلئے وزیراعظم اور چیف جسٹس کا ساتھ دے۔ سنی اتحاد کونسل مساجد، مدارس اور خانقاہوں کو ڈیم بناؤ مہم میں شریک کرے گی۔ نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چایئے۔ حکومت بھارت کی آبی دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے۔ بھارت پاکستان کے حصے کے پانی پر قبضہ کر کے پاکستان کو ریگستان بنانے کی سازش پر عمل پیرا ہے۔ ڈیموں کی تعمیر کے لئے چندہ مہم پر تنقید کرنے والے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ کے ممبران ایک ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں جمع کروائیں۔ تمام سیاسی، مذہبی، سماجی اور کاروباری تنظیمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ڈیم بناؤ مہم کو کامیاب بنائیں۔ معاشرے کے تمام طبقات کی اجتماعی کوششوں سے ہی پانی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ حکومت ڈیم فنڈ کی شفافیت یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔ پاکستانی قوم اپنے پیسے سے ڈیم بنا کر نئی مثال قائم کرے گی۔ کشکول توڑنے کے لئے قوم حکومت کا ساتھ دے گی۔ سیاست بازی چھوڑ کر ملک کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ اپوزیشن ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر ڈیم بناؤ مہم کی حمایت کا اعلان کرے۔ چیف جسٹس، وزیراعظم اور پوری قوم کی مشترکہ کوششوں سے نئے ڈیمز کی تعمیر کا خواب ضرور پورا ہو گا ۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈز جمع کرنے کے لئے پارلیمانی وفود بیرون ممالک بھیجے۔