ملک کی خودمختاری کیلئے مضبوط قوم بن کر چیلنجز کا مقابلہ کرینگے: فیاض الحسن چوہان
لاہور (پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہم وطن عزیز کی سلامتی اور خودمختاری کیلئے ہمیشہ ایک مضبوط قوم بن کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور ملکی وقار اور آزادی کی خاطرف ہر قسم کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام الحمراء ہال نمبر 1مال روڈ پر یوم دفاع وشہداء کے سلسلے میں منعقد کی گئی ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک خودمختار قوم ہے جو اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے اور ہماری مسلح افواج نے جس طرح 65ء کی جنگ میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا تھا اسی طرح آج بھی دشمن کا مقابلہ کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا چاہئے جنہوں نے ملکی سلامتی اور تقدس کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ صوبائی وزیر نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کو یوم دفاع شہداء جیسی تقریب کے انعقاد پر سراہا اور کہاکہ ایسی تقریبات نوجوان نسل کو شہداء کی عظیم قربانیوں سے آگاہ رکھتی ہیں۔ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبد المنان خرم نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے یوم دفاع و شہداء جیسی تقریب کے انعقاد کا مقصد شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کو ان کی عظیم قربانیوں سے بھی روشناس کروانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یونیک گروپ ہمیشہ طلبہ کی سماجی حوالے سے بھی تربیت کرتا رہا ہے جس کا مقصد طلبہ کی نصابی سرگرمیوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو باکردار شہری بھی بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ماضی بھی مضبوط ہاتھوں میں تھا اور آج حال بھی مضبوط ہاتھوں میں ہے اور اگر ہم اپنی نوجوان نسل کی مثبت تربیت کریں گے تو پاکستان کا مستقبل بھی مضبوط ہاتھوں میں ہی ہوگا۔