دبئی میں سڑک پر رقم بانٹنے والے افراد کی ویڈیو: تحقیقات جاری
دبئی (این این آئی) دبئی پولیس کے ایک سکیورٹی ذریعے نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ شہر کی سڑک پر راہ گیروں میں نقد رقوم تقسیم کرنے والے دو افراد کی شناخت کے تعین کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، دونوں افراد بظاہر ایشیائی باشندے لگتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارےے کے مطابق اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کلپ گردش میں آیا تھا جس میں دو افراد سڑک پر راہ گیروں میں کرنسی نوٹ بانٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وڈیو کے حوالے سے تفصیل پوسٹ نہیں کی گئی۔مذکورہ ذریعے کے مطابق دبئی پولیس اس وڈیو کا جائزہ لے رہی ہے۔وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خلیج کا روایتی عرب لباس پہنے ہوئے دو افراد دبئی میں غالبا جمیرا بیچ ریذیڈنس کے علاقے میں پیدل چلنے والوں میں کرنسی نوٹ تقسیم کر رہے ہیں۔ یہ علاقہ دبئی کی امارت میں اہم ترین سیاحتی مقام شمار کیا جاتا ہے۔راہ گیروں سے گفتگو کے دوران دونوں افراد بتا رہے تھے کہ یہ نقد رقم ایک معروف اماراتی سرمایہ کار اور کاروباری شخصیت کی جانب سے بطور تحفہ پیش کی جا رہی ہے۔