ایوان تجارت و صنعت کے الیکشن‘ اتحاد گروپ کی جیت
ملتان (سماجی رپورٹر) ایوان تجارت و صنعت ملتان کے تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے والے الیکشن میں اتحادگروپ نے کامیابی حاصل کرلی جبکہ مخالف فرینڈز گروپ صرف2ایسوسی ایٹ کلاس کی نشستیں جیت پایا گزشتہ روز ہونے والے الیکشن میں اتحاد گروپ کی کارپوریٹ کلاس کے امیدواروں نے کلین سویپ کرتے ہوئے تمام 7نشستوں پر کامیابی حاصل کی کارپوریٹ کلاس کے امیدوار مجید اللہ خان نے81‘ محمد سرفراز اور طارق خان79‘میاں راشد 76‘خواجہ محمد حسین75‘ نعیم احمد73اور عقیل اعجازنے 66ووٹ لئے جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس میں اتحاد گروپ کے 3امیدواروں شیخ امجد126‘ خواجہ بدر منیر114اور خواجہ محمد عثمان نے112ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ فرینڈز گروپ کے صرف دو امیدوار خواجہ ریاض116 اور شیخ ندیم110ووٹ لے کر ایسوسی ایٹ کلاس سے کامیاب ہوسکے کامیابی کے بعد دونوں گروپوں نے جشن منایا اتحاد گروپ کے چیف کوآرڈینیٹر خواجہ محمد عثمان نے کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں ملتان کی بزنس کمیونٹی نے ایک بار پھر ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر ہم ان کے مشکور ہیں جبکہ فرینڈز گروپ کے سرپرست چودھری ذوالفقار نے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکشن کے انعقاد سے ہی ہمارا مقصد پوراہوگیا اب یہ سلسلہ جاری رہے گا عرصہ دراز سے ووٹ کے حق سے محروم ممبران کو ووٹر کا درجہ دلوائیں گے پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لینے پر ساتھ دینے والے دوستوں کے مشکور ہیں آئندہ بھی متحد ہو کر چلیں گے۔ملتان چیمبر اتحاد گروپ کے سینئر رہنما میاں تنویر اے شیخ نے کہا کہ اتحاد گروپ نے کارپوریٹ کلاس میں کلین سوئپ کیا ہے اور ایسوسی ایٹ کلاس میں بھی 5میں سے 3نشستوں پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ اتحاد گروپ کی کامیابی شہر کی کاروباری برادری کے بھر پور اعتماد کا ثبوت ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا ہے شہر کی تاجر برادری نے جھوٹ کی سیاست کرنے والے ٹولے کو مسترد کر دیاہے دوسرے گروپ نے ایک نام نہاد ٹولے کو ساتھ ملایا اور اس کا انجام بھی دیکھ لیا۔ نومنتخب امیدوار خواجہ محمد حسین نے کہا کہ اتحاد گروپ کی جیت شہر کی کاروباری و تجارتی برادری کی جیت ہے۔ خواجہ محمد عثمان نے کہا کہ اتحاد گروپ کی کامیابی کے بعد رابطوں کو مزید بہتر کریں گے۔ شیخ محمد امجد نے کہا کہ اتحاد گروپ برسراقتدار آ کر ایوان کی ترقی کے لئے مزید کام کرے گا۔