آٹے کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے منہ سے نوالے چھیننے کے مترادف ہے:ذکر اللہ مجاہد
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور ٹیکسوں کی بڑھتی شرح نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ آٹا کی قیمت میں اضافہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینے کے مترادف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ہونے والے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے غریب اور سفید پوش طبقہ دیوار کے ساتھ لگ چکا ہے ، جن کو اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ترین امر بن چکا ہے ۔ روزمرہ استعمال کی خر د ونوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ ملک میں بدترین معاشی صورتحال کو واضح کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے پہلے منی بجٹ میں 300 سو ارب روپے کے مزید نئے ٹیکس لگانے سے باز رہے کیونکہ لوگ پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ان پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر ان کی پریشانیوں میں اضافہ نہ کیا جائے ۔