ذاکرین ‘ واعظین منبر رسول ؐپر غیر مستند باتوں سے اجتناب کریں:ریاض حسین نجفی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)وفاق المدارس الشیعہ کے صدر حافظ ریاض حسین نجفی نے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سید الشہدا حضرت امام حسین ؓ کی شہادت پیغام ابدی اورمجالس عزا تبلیغی مراکز ہیں،یہاں سے اتحاد و وحدت کا پیغام جانا چاہیے۔ کسی پر تنقید کی بجائے، صرف قرآن و حدیث اور فرامین معصومین کی روشنی میں علما، خطبا اور ذاکرین ذکر حسینؓ کریں۔ بغیر تحقیق کے کوئی بات کرنا سٹیج حسینیؓ کی توہین اور جہالت ہے۔ حافظ ریاض نجفی نے ملکی قوانین کے احترام اور اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پیغمبر اکر م ؐ نے اپنی زندگی میں کسی کی دل آزاری نہیں کی، امیرالمومنین حضرت علی ؓ نے اپنے قاتل کو شربت پلایا تو ہمیں بھی دوسرے مسالک اور مذاہب کے مقدسات کا احترام کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ واعظین اور ذاکرین کو منبر رسولؐ پر غیر مستند باتوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔ فضائل و مصائب اہل بیت علیہم السلام بیان کرتے ہوئے صرف ایسی باتوں کا تذکرہ کیا جائے۔ جن کی تصدیق قرآن و حدیث اور اقوال معصومنین سے ہوتی ہو۔آیت اللہ ریاض نجفی نے کہا کہ اتحاد ووحدت قومی فریضہ ہے، اسے سبوتاژ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔