انسانیت کی فلاح و نجات حسینیت ؓکی پیروی و اتباع میں ہے: غلام محی الدین دیوان
لاہور(خصوصی نامہ نگار )تحریک انصا ف کے این اے 124سے نامز د امیدوار غلام محی الدین دیوان نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ اندرون شہر بادامی باغ میں 6محر م الحرام کے حوالے سے نکالے گے جلوس کی قیادت کی اس موقع پر غلام محی الدین دیوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حضرت امام حسینؓ ظلم کیخلاف جدوجہد کرنے والوں کے سب سے بڑے رہنما ہیں، انسانیت کی فلاح و نجات حسینیت کی پیروی و اتباع میں ہے۔ نواسہ رسولؐ کی قربانی انسانیت پر وہ احسان عظیم ہے جس کی مثال تاقیامت پیش نہ کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں صیہونیت اور یزیدیت باہم متحد ہوکر انسانیت اور امن کے خلاف برسر پیکار ہے۔ ایسے حالات میں حسینیت کے علمبردار نبی کریمؐ کے پروانے محبان اہل بیت میدان میں اتریں۔ حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہیں۔ اگر تمام مسلمان حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تو تمام دنیاوی مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے اسلام کی سربلندی کے لئے کربلا کے میدان میں اپنے خاندان کے ہمراہ اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔